بنگلورو:20؍ مئی (ایس اؤ نیوز)ریاست کے دیہی علاقوں میں کورونا وائرس بڑی تیز رفتاری اور وسعت کے ساتھ پھیل رہاہے، عوام غیر ضروری طورپر گھروں سے باہر نکل رہےہیں۔ حالات بتار ہے ہیں کہ عوام لاک ڈاؤن کے اصولوں کی پابندی نہیں کررہےہیں، جس کے نتیجےمیں اصولوں کو سختی کے ساتھ نافذ کرنے کے لئے مزید قدم اٹھائےجانےکی ریاستی وزیر داخلہ بسوراج بومائی نے اعلان کیا۔
جمعرات کو اخبارنویسوں سے گفتگو کرتےہوئے انہوں نے بتایا کہ عوام کی بھلائی کےلئے اصول نافذ کئے گئے تھے تاکہ وہ خود بھی محفوظ رہیں اور کورونا پر کنٹرول رکھیں۔ لیکن یادگیر ضلع میں دیکھا گیا ہےکہ ایک شادی کے لئے ایک ہی بائک پر پانچ لوگ سوار تھے۔ تو پولس اب سواریوں کو ضبط کرنے والے قانون میں مزید سختی برتی جائےگی۔
انہوں نے بتایا کہ ریاست کے کئی اضلاع میں وہاں کے ڈپٹی کمشنر دیہی علاقوں میں 3-4دنوں کے لئے مکمل لاک ڈاؤن نافذ کیا ہے۔ اس کے باوجود عوام سنجیدگی سےنہیں لے رہے ہیں، اور لاک ڈاؤن کا تعاون نہیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر عوام لاک ڈاؤن کے نفاذ کی اہمیت سمجھ نہیں پاتے ہیں تو پھر کورونا پر کنٹرول ممکن نہیں ہے۔
ریاستی خصوصی پیکیج پر بات کرتےہوئے وزیر داخلہ نےکہاکہ ریاست کی خراب معاشی حالات کے دوران میں بھی وزیر اعلیٰ نے خصوصی معاشی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ اگلے دنوں میں اور کس طرح لوگوں کی مدد کی جاسکتی ہے غوروفکر جاری ہے۔ ہر معاملہ وزیر اعلیٰ کے دھیان میں ہے کب کیا کرنا ہے وہی فیصلہ لیں گے۔